بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں گاڑیوں سے اتار کر شناخت کے بعد 23 افراد قتل
کوئٹہ ( اے ایف بی) صوبہ بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں گاڑیوں سے اتار کر شناخت کے بعد 23 افراد کو قتل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی نے بتایا کہ تمام افراد کو ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگا کر مسافروں کو بسوں سے اتارا، مسلح افراد نے 10 گاڑیوں کو بھی آگ لگادی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور لیویز اہلکارون نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ موسیٰ خیل کا علاقہ ڈیرہ غازی خان سے ملتا ہے اور چھوٹی شاہراؤں پر عام طور پر اتنی زیادہ سکیورٹی نہیں ہوتی، دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں کو قتل کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی نے موسیٰ خیل کےقریب دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم اور دیگر کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا ظالمانہ قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دُشمن ہیں، معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی موسیٰ خیل میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے بدترین واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر ظلم کا مظاہرہ کیا، سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی، دہشت گردوں اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ زندگی کے ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی موسیٰ خیل کے قریب دہشتگردی کے بدترین واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارتعزیت کیا۔ موسیٰ خیل کے قریب دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، دہشتگرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے، بلوچستان حکومت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کرے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 23 بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔