آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ ، سکاٹ لینڈ نے نمیبیاکو 5 وکٹوں سے شکست دے دی،
بارباڈوس( اے ایف بی):سکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں 5وکٹوں سے ہرا کر میگاایونٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی ،سکاٹ لینڈ نے نمیبیا کی طرف سے ملنے والا 156 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں حاصل کرلیا،مائیکل لیسک نے آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ جمعہ کو کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔نمیبیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 156 رنز کا ہدف دیا۔نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کی اننگز کھیلی،زین گرین نے 28 اور نکو ڈیون نے 20 رنز بنائے۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے بریڈ وہیل نے 3،بریڈلی کری نے 2اور مائیکل لیسک نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے کپتان ریچی بیرنگٹون کے ناقابل شکست 47 رنز اور مائیکل لیسک کے 35 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے نمیبیا کی ٹیم کو میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔سکاٹ لینڈ کے مائیکل لیسک پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔