اداکارہ نادیہ خان کا اپنی پہلی شادی اور طلاق کے بارے اہم انکشاف

اسلام آباد ( اے ایف بی) پاکستانی اداکارہ نادیہ خان نے اپنی پہلی شادی اور طلاق پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شادی کے 10منٹ بعد ہی معلوم ہوگیا تھا کہ ان کی شادی ایک غلط انسان سے ہوئی ہے لیکن چونکہ وہ شادی ان کی خواہش پر ہوئی تھی اس لیے 10سال تک نبھانے کی پوری کوشش کی۔اداکارہ نادیہ خان نے ایک ڈیجیٹل انٹرویو کے دوران سینئر اداکار ساجد حسن کے سوالوں کے جواب میں اپنی پہلی شادی اور پھر طلاق پر لب کشائی کی۔ شادی کے 10 سالوں بعد طلاق سے متعلق سوال پر اداکارہ نادیہ خان کا کہنا تھا کہ مجھ سے لوگ اکثر سوال کرتے ہیں کہ آپ کی پہلی شادی کیوں نہیں چل سکی، اگر نہیں بن رہی تھی تو پہلے کیوں نہیں چھوڑ دیا؟ میرا ان لوگوں کو جواب ہے کہ کسی بھی شخص کو چھوڑنا بہت آسان ہے لیکن ایسے لوگوں کو تو ہمیں کریڈٹ دینا چاہیے کہ دو لوگوں نے ایک رشتے کو چلانے کیلئے کئی برس تک کوششیں کی۔

نادیہ خان کے مطابق میں شوبز سے وابستہ ہوں لیکن ایک کنزرویٹو فیملی سے بھی تعلق ہے لہٰذا میں کتنا بھی ماڈرن ہوجاؤں میں اس سوچ سے باہر نہیں نکل سکتی کہ ہمیں اپنی شادی شدہ زندگی کو لے کر چلنا ہے، اسی لیے میں نے اپنی پہلی شادی کو نبھانے کیلئے 10سال گزاردیے جب کہ مجھے شادی کے 10 منٹ بعد ہی معلوم ہوگیا تھا کہ میں نے ایک غلط انسان سے شادی کی ہے لیکن اس کے باوجود مجھے اس رشتے کو ختم کرنے کیلئے 10 سال کا عرصہ لگا۔

اس پر اداکار ساجد حسن نے پوچھنے کی کوشش کی کہ آپ کو 10 منٹ میں کیسے معلوم ہوا؟ اپنے بیان کی وضاحت دینے سے انکار کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ میرے سابقہ شوہر کی بھی پرائیویسی ہے لہٰذا اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی لیکن میرے سابقہ شوہر کے دوست بھی گواہ ہیں کہ مجھے 10منٹ میں پتا چل گیا تھا کہ ہمارے مزاج نہیں ملتے ہم دونوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ لیکن میں نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ شادی میری سزا ہو یا کچھ بھی میں اسے نبھاؤں گی، اس شخص سے شادی میری اپنی چوائس تھی اس لیے میں نے 10سال تک کوششیں کی تاکہ مجھے کوئی پچھتاوا نہ رہے، اس دور میں مجھے اللہ نے مکمل آزمایا جب کہ میں نے اپنی مشکلات کا ذکر اپنے والدین سے بھی نہیں کیا اور اپنے رشتے کو مکمل نبھانے کی کوشش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں